بھٹکل، 27؍اپریل (ایس او نیوز) اسمبلی الیکشن کے لئے حالانکہ ابھی تک کسی بھی امیدوار کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے ، لیکن الیکشن کے ایام جیسے جیسے قریب آتے جارہے ہیں بھٹکل اسمبلی حلقہ میں سوشیل میڈیا پر نقلی اکاونٹس کھول کر سیاسی شخصیات کو نشانہ بناتے ہوئے ہتک آمیز پیغامات پوسٹ کرنے کا سلسلہ عروج پرآنے کی آثار دکھائی دے رہے ہیں ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا نے بھٹکل پولیس کے پاس تین معاملے درج کروائے تھے ۔ ان میں سے دو معاملات میں عدالت میں سماعت چل رہی ہے اور منکال وئیدیا نے ان معاملات میں اپنے بیانات بھی درج کروائے ہیں ۔
پتہ چلا ہے کہ اب پھر سے ایسے دو نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے تعلق سے منکال وئیدیا کے ساتھیوں نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے ۔ اس طرح نقلی اکاونٹس سے چھیڑ خانی کرنے کے اب تک کُل پانچ معاملات پولیس اور عدالت کے دروازے تک پہنچ گئے ہیں ۔ پہلے جو تین معاملے مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں درج ہوئے تھے وہ " تعلیم دوست منکال وئیدیا" نامی اکاونٹ آئی ڈی سے پوسٹ کیے گئے مسیجس کے تعلق سے تھے ۔ اب "کانگریس فرینڈس کلب" اور "پریتی جین" نامی نقلی آئی ڈی سے منکال وئیدیا کے فوٹو کے ساتھ پوسٹ ہونے والے ہتک آمیز پیغامات کے خلاف معاملے درج کیے گئے ہیں ۔
سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا نے اس معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری انتظامیہ پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ خاص طور پر پولیس کی طرف سے ایسے معاملات پر کارروائی کرنے کے بارے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی جارہی ہے ۔ بھٹکل جیسے حساس علاقہ میں سوشیل میڈیا کے نقلی اکاونٹس پر لگام نہیں لگائی جا رہی ہے ۔ اسی وجہ سے ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں ۔